رمضان شوگر ملز ریفرنس، حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور

13 Jan, 2025 | 09:55 AM

جمال الدین جمالی:وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں ہوئی، حمزہ شہباز حاضری کیلئے اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے سماعت کی،حمزہ شہباز حاضری کیلئے اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے،وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز بیٹی کا چیک اپ کروانے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں ،استدعا کی گئی کہ عدالت حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے ۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے مزید کیس کو انتظار میں رکھ لیا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اینٹی کرپشن کورٹ میں بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

عدالت نے آج سماعت پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر رکھے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے پیش ہونگے، عدالت نے شہباز شریف کو حاضری سےمستقل استثنی دے رکھا ہے۔

نئے نیب قانون کے تحت یہ کیس احتساب عدالت سے اینٹی کرپشن کورٹ منتقل ہوا ہے، شہباز شریف پر سرکاری خزانہ سے رمضان شوگر ملز کے فائدہ کے لئے گندہ نالہ کی تعمیر کا الزام ہے۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلا کا کہنا تھا کہ گندہ نالہ پورے علاقہ کے لئے مقامی ایم پی اے کی درخواست پر تعمیر کیا گیا، رمضان شوگر ملز گندہ نالہ کے استعمال کا معاوضہ سرکار کو ادا کرتی ہے۔

ملزمان کیخلاف کرپشن کے شواہد موجود نہیں ہیں، مقدمہ میں سزا کا امکان نہیں ہے یہ بریت کا کیس ہے،وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست منظور کی جائے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں