ویب ڈیسک: امریکہ کی 19 ریاستوں میں ایسے قوانین منظور کیے گئے ہیں جو فحش مواد تک رسائی کو محدود کرتے ہیں،ان قوانین کے تحت فحش ویب سائٹس پر عمر کی تصدیق کے لیے سرکاری شناختی کارڈز یا چہرے کی سکیننگ جیسے طریقے لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
سی این این کے مطابق ان قوانین کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد بچوں کو فحش مواد دیکھنے سے بچانا اور ان کی معصومیت کو محفوظ رکھنا ہے۔ ٹیکساس کے قانون کے مصنف ریپبلکن رکن اسمبلی میٹ شاہین کے مطابق یہ اقدامات "فحش مواد کی لت اور اس سے پیدا ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔"دوسری طرف ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ قوانین آزادیِ اظہار کو متاثر کرتے ہیں اور صارفین کی پرائیویسی کے لیے خطرہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات بالغ افراد کے لیے قانونی طور پر دستیاب مواد تک رسائی کو بھی محدود کر سکتے ہیں۔ امریکی سپریم کورٹ بدھ کے روز ریاست ٹیکساس کے قانون کے آئینی جواز پر سماعت کرے گی۔ کیس کا فیصلہ نہ صرف ٹیکساس بلکہ دیگر ریاستوں کے قوانین کے مستقبل کا تعین کرے گا۔
نئے قوانین کے بعد کئی بڑی فحش ویب سائٹس نے ان ریاستوں میں کام بند کر دیا ہے جہاں قوانین نافذ ہیں۔ اس کے نتیجے میں بعض ریاستوں میں وی پی این ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے تاکہ جغرافیائی پابندیوں کو نظرانداز کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اگر سپریم کورٹ موجودہ قوانین کو برقرار رکھتی ہے تو یہ فحش مواد کے حوالے سے قانونی نظائر کو تبدیل کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔