ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پٹرول کی قیمت میں حیرت انگیز کمی کا امکان

پٹرول کی قیمت میں حیرت انگیز کمی کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:کم طلب اور تیل کی زیادہ پیداوار کے باعث 2024 کے اوائل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نمایاں کمی کا امکان ہے، اس کے علاوہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی، شرح مبادلہ میں اضافے اور پریمیئم کم ہونے کے سبب 15 جنوری سے آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول تقریباً 9 سے 10 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔

 ملک میں اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب فی لیٹر 267 روپے 34 پیسے اور 276 روپے 21 پیسے ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ پیٹرول کی خریداری پر پریمیئم بھی کم ہوا ہے،حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت 84.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 83 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 95.85 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔دوسری جانب ڈالر بھی گزشتہ روز280.40 روپے تک آگیا جوکہ دسمبر کے آخری ہفتے میں تقریباً 283 روپے پر تھا،لہٰذا پیٹرول کم از کم 9 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی تقریباً 2 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے جوکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے،حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مالی سال 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ٹارگٹ مقرر کیا تھا لیکن اب توقع کی جارہی ہے کہ جون کے آخر تک یہ ٹارگٹ 950 ارب روپے سے زائد تک بڑھایا جائے گا،پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں مہنگائی کی

شرح میں اضافے کا اہم محرک ہیں جوکہ دسمبر میں 29.7 فیصد تک پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ یکم جنوری کو حکومت نے سالِ نو کے آغاز کے موقع پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 276 روپے 21 پیسے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 267 روپے 34 پیسے پر برقرار رکھی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 2 روپے 19پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 193 روپے 21 پیسے ہو گئی تھی۔