وزیراعظم ، آصف زرداری اورفضل الرحمان کا خالد مقبول صدیقی سے رابطہ   

13 Jan, 2023 | 11:20 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)ایم کیو ایم کے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کے خدشے پر وزیراعظم شہباز شریف ،سابق صدر آصف زرداری اورمولانا فضل الرحمان نے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کا خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماﺅں کے درمیان موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی،سابق صدرآصف زرداری نے افہام و تفہیم سے معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، سابق صدر نے مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی پیش کش کی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے خالد مقبول صدیقی کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی،وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرینگے ،ایم کیو ایم کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ آج رات ہی تحفظات دور کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ وزیراعظم سے کئی ملاقاتیں اور یقین دہانیاں ہوئیں، اب عملدرآمد چاہئے، عوام اور کارکنوں کا پریشر ہے 5 دن سے آپ کے مثبت جواب کا انتظار ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد کل اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کرے گا ،ایم کیو ایم وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی کریں گے،وفد میں فاروق ستار، مصطفی کمال، وسیم اختر ودیگر شامل ہوں گے۔

ادھر پی ٹی آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے بھی خالد مقبول صدیقی سے فون پر رابطہ کیا،مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

 دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )پاکستان کی وفاقی حکومت سے علیحدگی پر غورشروع کردیا،ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا نے استعفے خالد مقبول صدیقی کے پاس جمع کرادیئے۔

 ذرائع ایم کیو ایم کا کہناہے کہ حکومت حلقہ بندیوں میں مدد نہیں کر سکتی تو حکومت میں رہنے کا جواز نہیں ، ذرائع کاکہناہے کہ ایم کیو ایم کی طرف سے آج رات بڑے فیصلے کا امکان ہے،رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بہادر آباد پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم ارکان کی تعداد 7 ہے۔

مزیدخبریں