سندھ کے سکولوں میں کل عام تعطیل کا اعلان

13 Jan, 2023 | 08:45 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) سندھ  بھر میں 14 جنوری بروز ہفتہ  کو بلدیاتی انتخابات کے باعث  سرکاری و پرائیویٹ سکولز و کالجز بند رہیں گے ۔ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عملہ الیکشن ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پرسیکرٹری سکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن احمد بخش ناریجو نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کے پیش نظر ضلع ٹھٹھہ میں بھی کل اسکولوں میں عام تعطیل ہوگی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات پر جوڈیشل آرڈر جاری کردیا۔ جوڈیشل آرڈر پر چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ارکان کے دستخط ہیں۔ آرڈر کے مطابق سندھ حکومت کا 12 جنوری کو جاری نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ 

  جوڈیشل آرڈر میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے، جبکہ آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری کو شفاف انتخابات کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ سپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کو بھی فوری کراچی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفکیشن واپس لینا آئین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے سروے کیا۔ خیرپور، دادو اور ناتھن شاہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ماحول سازگار ہے۔

سندھ میں مختلف وجوہات کی بنا پر تین مرتبہ بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوچکے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے اعتراضات پر الیکشن کمیشن سماعت کر کے فیصلہ دے چکا ہے۔ الیکشن کمیشن سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرچکا ہے۔بیلٹ پیپرز کی چھپائی، انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقہ بندی تبدیل نہیں کی جاسکتی۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہر صورت 15 جنوری کو مکمل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں