ویب ڈیسک: سردیوں میں زیادہ تر لوگ جوڑوں کے درد کا شکار ہوجاتے ہیں، جبکہ کچھ آسان طریقے ہیں جن پر عمل کر کے آپ ان تمام درد سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔
لوگ ساری گرمیاں یہ دعا کرتے رہتے ہیں کہ سردیاں جلد آجائیں، کیوںکہ گرمیوں کے مقابلے میں زیادہ تر افراد سردی کو پسند کرتے ہیں، لیکن سردیاں آتے ہی ذرا سی بے احتیاطی سے محتلف قسم کی بیماریوں جیسے کھانسی، بخار، نزلہ اور ان سب سے بڑھ کر جوڑوں کے درد کا شکار ہوجاتے ہیں۔
جوڑوں کے درد سے تقریبا ً ہرفرد کو گزرنا پڑتا ہے، تاہم زیادہ تر عمر رسیدہ افراد اس میں مبتلا ہوتے ہیں اور وہ لوگ بھی جن کو گٹھیا کی بیماری ہوتی ہے، ساتھ ہی کھیل کود میں سرگرم رہنے والے کھلاڑیوں سمیت جسمانی محنت کرنے والوں کو بھی یہ تکلیف ہوسکتی ہے۔
سردیوں میں درجہ حرارت کا کم ہونا، دھوپ کا کم نکلنا، جسم میں خون کی صحیح گردش کا نہ ہونا اور ہر وقت گھر میں پڑے رہنا جوڑوں کے درد کا باعث بنتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چار طریقے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اس درد سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، سردیوں میں لوگ گھروں میں پڑے رہتے ہیں اور سستی کے باعث جسم حرکت کرنا چھوڑ دیتا ہے جبکہ ہلکی ہلکی ورزش کر کے انسان اس قسم کے درد سے نجات حاصل کرسکتا ہے، لہٰذا ہلکی پھلکی ورزش کو معمول بنائیں تاہم سخت یا زیادہ ورزش درد کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
جسم کو چھونے والی سرد ہوا بھی جوڑوں کے درد کا باعث بنتی ہے تو گھر سے باہر جاتے وقت سردی سے بچنے کیلئے مکمل انتظام کریں جبکہ سرد علاقوں میں رہنے والے لوگ گرم کپڑوں کے علاوہ گھر میں ہیٹر کا استعمال بھی کریں۔
سردیوں میں جوڑوں کے درد سے نجات کا راز اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذاؤں میں بھی چھپا ہے، یہ جوڑوں کی سوزش کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذاؤں میں سالمن مچھلی، اخروٹ، ایواکاڈو سمیت السی کے بیج شامل ہیں۔
سردیوں میں لوگ پانی کم پیتے ہیں جس کے باعث جس میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے جو درد اور تھکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے، نیم گرم پانی بھی سردیوں میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔