(زاہد چودھری)کورونا وائرس کی سر اٹھاتی نئی لہر سے وزیر اعلیٰ پنجاب فکرمند ، کہتے ہیں شہری خصوصی احتیاط برتیں اور کورونا سے بچائوکی ویکسین لازمی لگوائیں۔
تفصیلات کےمطابق کورونا کی نئی لہر میں شدت کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تشویشناک قرار دیدیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ ریچ ایوری ڈور مہم کے تحت شہریوں کو گھر گھر جاکر کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی جارہی ہے ،شہری خصوصی طور پر ویکسین لگوائیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ویکسین لگوانے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کی نئی لہر سے بچا جاسکے ۔
دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا بتایا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میری علامات اب تک ہلکی ہیں ،میں بہتر محسوس کر رہا ہوں، امید ہے آرام کے بعد ٹھیک ہو جاوں گا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں عوام سے درخواست کی کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور کورونا احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔