ویب ڈیسک: امریکا نے کیوبا میں واقع گوانتانامو بے حراستی مرکز سے مزید 5 قیدی رہا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یمن کے تین جبکہ صومالیہ اورکینیا کے ایک، ایک قیدی کو رہا کیا جائےگا۔ تاہم رہائی کا وقت ابھی متعین نہیں کیا گیا۔ 11 ستمبر کے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد جارج ڈبلیو بش کے دور حکومت میں قائم ہونے والے اس حراستی مرکز کو اگلے ہفتے 20 سال ہو جائیں گے۔ دو دہائیوں سے فعال، بدنامِ زمانہ گوانتانامو بے جیل میں اس وقت بھی 39 افراد قید ہیں۔ جن میں سے 18 کو رہا کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔پینٹاگون کی دستاویزات کے مطابق رہائی کی منظوری پانے والوں پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔
امریکی صدر جو بائیڈن حال ہی میں اعلان کرچکے ہیں کہ گونتانامو بے کے حراستی مرکز کو جلد بند کردیا جائے گا۔ امریکی سی آئی اے کی زیرنگرانی چلنے والے اس مرکز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکی حکومت کو دنیا بھر کی تنظیموں کی جانب سےشدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔