ویب ڈیسک : وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 49 واں اجلاس ۔نئی مردم شماری کرانے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 49 واں اجلاس ہوا جس میں مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کی منظوری دے دی ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام پر ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مستقل سیکرٹریٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔
وفاقی حکومت تمام وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قومی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس نے مالی سال 2020-21 کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ رپورٹ کی منظوری دی، مالی سال 2020-21 کے دوران مجموعی طور پر 6 اجلاس منعقد، 21 ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا، مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر رابطہ کاری میں سہولت فراہم کرے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں کراچی کے لیے پانی کی اضافی ضروریات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور سیاسی اور تکنیکی سطح پر صوبوں کے موقف اور پانی سے متعلق مسائل پر مفاہمت کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کراچی کے لیے پانی کی اضافی ضروریات کے معاملے کو دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قومی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ، چیف سیکرٹریز اور چیئرمین نادرا و دیگر کریں گے۔ کمیٹی مردم شماری کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صوبوں کے مطالبات کے مطابق کونسل کے اجلاسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور خانہ شماری مردم شماری سے قبل کرائی جائے گی۔