پرویز الہیٰ نے پی ڈی ایم کو مشورہ دےدیا

13 Jan, 2021 | 05:05 PM

Arslan Sheikh

علی اکبر: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کہتے ہیں ملک اس وقت اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے، فوج غیرجانبدار ادارہ ہے اس کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، پاک فوج اور انتظامی اداروں نے ہمیشہ غیرجانبدار رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔

سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے پی پی 179 قصور سے آزاد امیدوار رانا ممتاز علی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ فوج غیرجانبدار ادارہ ہے اس کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا پاک فوج اور اداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

 انہوں نے کہا کہ سیلاب، زلزلہ ہو یا اندرونی و بیرونی دہشتگردی ان سب کا پاک افواج نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، پاک فوج سمیت تمام اداروں نے پاکستان کی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے۔ اس موقع پر رانا ممتاز علی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ریسکیو سروس، مفت ادویات کی فراہمی اور سکولوں میں فری کتابیں فراہم کیں، یہ سب ایسے کام ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔

رانا ممتاز کا مزید کہنا تھا کہ چودھری پرویزالٰہی کی سیاسی و سماجی خدمات سے متاثر ہوکر ہم نے قصور میں عوام کی خدمت کیلئے سوشل ویلفیئر کے ادارے قائم کیے ہیں جبکہ قصور میں چودھری پرویزالٰہی کا سپیشل بچوں کیلئے قائم کردہ ادارہ آج بھی کام کر رہا ہے۔  

مزیدخبریں