راجگڑھ میں انسانیت سوز واقعہ، باپ نے 2 معذور بیٹیوں کو قتل کردیا

13 Jan, 2021 | 01:51 PM

Sughra Afzal

(حسن خالد) چوبرجی کے علاقے راجگڑھ میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات،  سنگدل باپ نے دو معذور بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا، پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔

 لاہور میں ایک دن میں قتل کی چار وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، قتل کا پہلا لرزہ خیز واقعہ تھانہ ساندہ کے علاقے راجگڑھ  ٹوکے والا چوک کے قریب پیش آیا، جہاں سنگدل باپ نے اپنی دو معذور بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی، پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں 34 سالہ سعدیہ اور 30 سالہ اقصیٰ شامل ہیں، ملزم ضیاء بٹ نے معذور بیٹیوں کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کیا، جس کے بعد ملزم نے خود کو بھی چھریوں کے وار سے زخمی کیا، ضیاء بٹ کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔

  پولیس کے مطابق ملزم ضیاء بٹ کی اہلیہ بھی گھر پر موجود تھی جسے شامل تفتیش کرلیا گیا ہے، فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکھٹے کرلیے، تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دوسرا قتل کا واقعہ غازی روڈ پر پیش آیا جہاں دو بہنیں ذاتی رنجش کا نشانہ بن گئیں، شادی سے انکار پر نوجوان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے 23 سالہ کائنات جاں بحق اور ایمن شدید زخمی ہوگئی، پولیس نے  ملزم عبداللہ کو پکڑ لیا ۔

تیسرا قتل کا واقعہ فیروز والا کچہری کے قریب  پیش آیا جہاں پیشی پر آیا نوجوان نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی۔

پولیس کو  گرین ٹاؤن  سے نوجوان کی لاش ملی ہےجسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیےاور لاش کو تحویل میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 25 سالہ اختر کے نام ہوئی ہے،  لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

  پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے جبکہ مقتول کے ورثاء کی جانب سے درخواست موصول ہونے پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساندہ میں باپ کے ہاتھوں بیٹیوں کے قتل اور پھر خودکشی کے پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ پر دکھ اورافسوس کا اظہا رکرتے ہوئے سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر سے رپورٹ طلب کرلی۔

مزیدخبریں