(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا منفی بھی آجائے تو جان نہیں چھوٹتی، وبا سے صحت یاب ہونیوالوں میں انفیکشن کی علامات، چین میں 1700مریضوں کا طبی معائنہ،76 فیصد افراد میں وائرس کی علامات پائی گئیں، 23 فیصد مریض نفسیاتی پیچیدگی، اضطراب، ڈپریشن کا شکار ہوگئے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر آگیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 123 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 55 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے،4 لاکھ 64 ہزار 650 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے،ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 772 ہو گئی ہے، جبکہ کْل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 8 ہزار 824 ہو چکی ہے.
این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ تین آٹھ فیصد رہی، مثبت کیسز کی شرح سب زیادہ کراچی میں 15 اعشاریہ 56 فیصد رہی، پشاورمیں 9 اعشاریہ 92 فیصد جبکہ میر پور آزاد کشمیر میں 8 اعشاریہ 33 فیصد کورونا مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 102 ہے، سب سے زیادہ ایکٹو کیسز سندھ میں 15 ہزار 980 ہیں۔
ملک کے مختلف ہسپتالوں میں 2 ہزار 850 کورونا مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 322 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، سب سے زیادہ کورونا مریض ملتان میں وینٹی لیٹر پرہیں، بہاولپور میں 55 فیصد، لاہور 35 فیصد اور پشاور میں 32 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔