توہین عدالت:ہائیکورٹ نے اعلیٰ افسران کوبلالیا

13 Jan, 2021 | 10:43 AM

Azhar Thiraj

ملک محمد اشرف :معذور اساتذہ کو محکمانہ ترقی نہ دینے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ میں چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن، سیکرٹری ریگولیشن اور ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن سے جواب طلب کرلیا۔


لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے محمد یوسف، اختر سمیت دیگر معذور اساتذہ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ  2005 میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں گریڈ سولہ میں ملازمت شروع کی،سینئر ہونے کے باوجود گریڈ 18 میں ترقی نہیں دی جا رہی، ترقی نہ ملنے کے خلاف انہوں نے پہلے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن کو درخواستیں دیں، چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی محکمانہ اپیل کی، داد رسی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رحوع کیا، عدالت نے ان کی درخواستیں چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلے کا حکم دیا تھا۔

عدالت کے 11 جولائی 2020 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی، درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس کا محکمانہ امتحان میں نقل کروانے پر رزلٹ جاری نہ ہونے کا معاملے  پر  لاہور ہائیکورٹ میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئ ی، عدالت نے چیئرمین کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔


جسٹس شاہد وحید نے اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس احمد نوید فضل کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے حافظ طارق نسیم ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ درخواستگزار نے فیڈرل پبلک سروس کے تحت محکمانہ امتحان میں شرکت کی، اس کو دوسرے امیدوار کو نقل کروانے کے الزام میں ملوث اور اسے محکمانہ امتحان کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا، فیڈرل سروس کمیشن نے اس کے محکمانہ رزلٹ شائع کرنے پر پابندی عائد کر دی، محکمانہ امتحان کے لئے نااہلی اور رزلٹ روکنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے اسکی درخواست منظور کرتے ہوئے رزلٹ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

درخواستگزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت کے 24 نومبر 2020 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی، درخواستگزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے درخواستگزار کا موقف سننے کے بعد چیئرمین پی پی ایس سی کیپٹن (ر) زاہد سعید کو طلب کرلیا۔
 

مزیدخبریں