( قذافی بٹ ) مشیر برائے اطلاعات مسرت جمشید چیمہ کا وزراء، اراکین اسمبلی اور میڈیا پرسنز کے اعزاز میں ظہرانہ، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، پی ٹی آئی 2020 تک نہیں بلکہ اگلے پانچ سال بھی حکومت میں ہوگی۔
ممبر پنجاب اسمبلی و مشیر وزیر اطلاعات مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام فلیٹیز ہوٹل میں کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزارت عظمیٰ سے فارغ ہونے سے قبل شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس ملک کو دیوالیہ ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا، واضح کرتا چلوں کہ 2020 خوشحالی کا سال ہوگا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں اور میڈیا کا کردار جمہوریت میں برابر کی اہمیت رکھتا ہے، جمہوریت کیلئے ہمیں اپنے کردار کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ظہرانے میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صدر سنٹرل پنجاب پی ٹی آئی اعجاز احمد چوہدری نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں ایم پی اے سعدیہ سہیل، عظمیٰ کاردار، سیمابیہ طاہر، پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ، شوکت بسرا اور عثمان بسرا سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں، صحافیوں اور میڈیا پرسنز نے شرکت کی۔