دھرنا روکنے اور طاہرالقادری کو پارٹی صدارت سے ہٹانےکیلئے درخواست دائر

13 Jan, 2018 | 05:01 PM

(منیر باجوہ ): سپریم کورٹ میں سیاسی جماعتوں کا 17 جنوری کو لاہور میں ہونے والا دھرنا روکنے اور طاہر القادری کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر ظفراللہ خان نے سیاسی جماعتوں کا دھرنا روکنے اور طاہر القادری کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے لاہور میں دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ 17 جنوری کو سیاسی جماعتوں کے دھرنے سے نا صرف ٹریفک بلاک ہو گی بلکہ دھرنے کی وجہ سے سکولوں کے بچوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

درخواست میں خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ دھرنے کے مشتعل احتجاجی مظاہرین ٹریفک کا نظام برباد اور شہر میں توڑ پھوڑ کا بھی خدشہ ہے۔

 درخواست میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں کا دھرنا سانحہ ماڈل ٹاﺅن اور زینب قتل کیس کی عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہو گی جو غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیاسی جماعتوں کے 17 جنوری کے دھرنے کو آئین کے آرٹیکل 5 اور 6 سے متصادم قرار دیا جائے۔ دھرنے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات عوامی تحریک، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق سے پورے کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ دہری شہریت رکھنے پر طاہر القادری کو پاکستان عوامی تحریک کی سربراہی سے بھی ہٹایا جائے۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں