(ویب ڈیسک)بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کیلئے جیتنے والی سیاسی جماعتوں کی پارٹی پوزیشن واضح ہونے کے بعد وزارت اعلیٰ کےلئے شخصیات کے نام سامنےآگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی تمام 51 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق بظاہر پیپلز پارٹی، جمیعت علمائے اسلام (ف) اور مسلم لیگ (ن) لیڈ کرتے نظر آرہے ہیں، جنہوں نے بالترتیب 11، 11 اور 10 نشستیں حاصل کرلی ہیں، ان کے علاوہ دیگر جماعتوں نے بھی نشتسیں حاصل کی ہیں جیسے کہ آزاد امیدوار چھ، بلوچستان عوامی پارٹی چار، نیشنل پارٹی تین اور عوامی نیشنل پارٹی دو نشستوں پر کامیاب ہوئیں، اسی طرح بلوچستان نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، بی این پی عوامی اور حق دو تحریک نے ایک ایک نشست حاصل کی۔
وزیراعلی بلوچستان کے حوالے سے سیاسی جماعتوں نے لابنگ شروع کردی ہے ، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سرفراز بگٹی،سردار ثناءاللہ زہری وزیراعلی بلوچستان کی دوڑ میں سرفہرست ہیں، جےیوآئی کے نواب اسلم رئیسانی ، میر یونس عزیز زہری بھی وزیراعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بلوچستان عوامی پارٹی کے صادق سنجرانی بھی وزیراعلی بلوچستان کی دوڑ میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن وزیراعلیٰ بلوچستان کی دوڑ میں غیر سنجیدہ ہیں، ذرائع کا کہناہے کہ مسلم لیگ ن پارٹی ممبر جام کمال کو صوبہ کی جگہ وفاق میں ایڈجسٹ کرنا چاہتی ہے۔