جتنا بڑا ایونٹ ہے اس لحاظ سے انتظامات ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

13 Feb, 2023 | 07:36 PM

Bilal Arshad

(علی رامے) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پی ایس ایل کی فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ میچوں کے دوران ٹریفک کی روانی کوبرقرار رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ کی جائے،عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم ازکم  کیا جائے،عوام کو میڈیا کے ذریعے متبادل روٹ سے بروقت آگاہ کیاجائے،ملتان کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں مریضوں کی آمدورفت  متاثر نہیں ہونی چاہیے،متعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیاء کی اوور چارجنگ نہیں ہونی چاہیے، روٹس پر لائٹس کا مستقل انتظام کیاجائے، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو بروقت معیاری کھانا مہیا کرنے کی ہدایت دی،انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا ایونٹ ہے اس لحاظ سے انتظامات ہونے چاہئیں،شائقین کرکٹ کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

 اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملتان، راولپنڈی او رلاہور میں ساڑھے 18ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان سپر لیگ کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ 

 چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، چیف ٹریفک آفیسر، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اس کے علاوہ ملتان اور راولپنڈی کے ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کے دریعے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں