پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری

13 Feb, 2023 | 12:13 PM

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی۔

 پاکستان سپرلیگ کا آٹھواں سیزن آج سے شروع ہورہا ہے، حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر اور ایونٹ کے پُرامن طریقے سے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی۔

 پنجاب، سندھ حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے درخواست کی تھی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے وزیر داخلہ کو خط بھی لکھا تھا۔

 حکام کے مطابق پی ایس ایل سیزن 8 کے میچز 13 فروری سے 19 مارچ تک شیڈول ہیں، اور یہ میچز لاہور، ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

مزیدخبریں