اداکارہ شلپا شیٹھی کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

13 Feb, 2022 | 03:11 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی ان کی بہن شمیتا شیٹھی اور والدہ سنندا شیٹھی کو لاکھوں روپے ادا نہ کرنے پر طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بھارتی بزنس مین اور آٹوموبائل ایجنسی کے مالک پرہاد امرا نے بالی ووڈ اداکاراں شلپا، شمیتا اور ان کی والدہ سنندا شیٹھی کے خلاف شکایت درج کروائی ہے، جس میں انہوں نے تینوں پر 21 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی کا الزام لگایا ہے۔

پرہاد امرا کے مطابق شلپا شیٹھی کندرا کے آنجہانی والد نے ان سے 2015 میں 21 لاکھ روپے بطور قرض لیے تھے جو انہیں جنوری 2017 میں واپس کرنے تھے  لیکن انہوں نے ان کے پیسے ادا نہیں کیے اور اب ان کی بیوی اور بیٹیاں بھی انہیں مذکورہ رقم واپس کرنے سے انکار کررہی ہیں۔نتیجتا اندھیری کی ایک عدالت نے تینوں ماں بیٹیوں کو 28 فروری 2022 کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا ہے۔ 

ایک بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق اندھیری کی عدالت نے اداکارہ شلپا شیٹھی کندرا، ان کی بہن شمیتا شیٹھی اور والدہ سنندا شیٹھی کو سمن جاری کیا ہے اور تینوں کو 28 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ شلپا شیٹھی گزشتہ برس بھی اپنے شوہر راج کندرا کے فحش فلمیں بنانے کے کیس کی وجہ سے قانونی شکنجے میں آگئی تھیں۔

مزیدخبریں