سات سالہ بچہ درندگی کی بھینٹ چڑھ گیا

13 Feb, 2022 | 11:09 AM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک: معاشرے میں کمسن بچوں سے جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے سے نہ صرف بچے عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں بلکہ ان کے والدین اور رشتہ دار بھی سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایک اور کم سن پھول بدفعلی کے بعد قتل کردیا گیا۔ اورنگی ٹاون الطاف نگر میں ہوس پرست نے گھر کے باہر کھیلتے سات سالہ معصوم سے زندگی کا حق چھین لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور اس کی بہن گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔ سترہ سالہ ملزم علی اصغر نے بچی کو چیز منگوانے بھیجا اور بچے کو اپنی بہن کے گھر لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بدفعلی کے مکروہ عمل کے بعد ملزم نے بچے کے گلے میں پھندا لگا کر اسے قتل کیا۔ جس کے بعد لاش کو خالی پلاٹ کی جھاڑیوں میں پھینک دیا۔ بچی چیز لے کر جب واپس آئی تو بھائی کو نہ پا کر شور مچایا، جس پر علاقہ مکین جمع ہوئے اور بچی کی نشاندہی پر علی اصغر نامی ملزم کو پکڑا۔ ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کیا۔
ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق ملزم حیدر آباد سے اپنی بہن کے گھر ملنے آیا ہوا تھا۔ متاثرہ فیملی اور ملزم کی بہن پڑوسی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علی اصغر سمیت دو افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، پوسٹ مارٹم میں بدفعلی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ 

مزیدخبریں