(درنایاب) ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ میں پیشرفت، پیکیج ٹو کے تحت 768 اپارٹمنٹس کے ٹینڈرز بھی کھول دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹینڈرز کھولنے کی نگرانی ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ٹیکنیکل ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی نے کی۔ اس موقع پرچیف انجینئر عبدالرزاق چوہان، ڈائریکٹر فنانس محمد اختر اور ڈائریکٹر آڈٹ جاوید اختر بھی موجود تھے۔کمپنیوں کی ٹیکنیکل بڈز کھولی گئیں۔ پیکج ٹو کے تحت 768اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے 11 کنٹریکٹرکمپنیاں میدان میں آگئیں۔
پیکیج ٹومیں آٹھ ،آٹھ بلاک تعمیر کرنے کیلئے تین ٹینڈر کھولے گئے۔ ہر بلاک میں 32اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔این ایل سی ، حنان زیلکان جے وی، پروگریسو انٹرنیشنل، ٹیٹرا انجینئرنگ، یٰسین برادرز‘ظریف خان اینڈ کمپنی‘جی پی ایل ‘سی ای اے اور جوائنٹ وینچر نے بڈز جمع کروائیں۔ٹیکنکل بڈز کی ایویلیوایشن کے بعد فنانشل بڈز کھولی جائیں گی۔ٹینڈرزسنگل سٹیج ٹو اینولپ کے تحت کھولے گئے۔مزید ٹینڈرز 17اور 20فروری کو کھولے جائیں گے۔
واضح رہے ایل ڈی اے نے موضع ہلوکی میں چار ہزار کنال اراضی کی ڈیمارکیشن شروع ہوچکی، پہلے فیز میں چار ہزار اپارٹمنٹس کے لئے ایل ڈی اے سٹی ، ٹاؤن پلاننگ ، سی ایم پی اور انجنئیرنگ ونگ نے کام شروع کردیاگیاتھا،حکومت پنجاب اور ایل ڈی اے وزیراعظم سے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھوانے کی خواہاں ہے۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی سے منصوبے کے پی سی ون کی منظوری بھی لی جاچکی ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس کے تعمیراتی منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، نئے بجٹ میں دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور منصوبے کو ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا نام دیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 800 کنال اراضی پر چار ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے، ان اپارٹمنٹس کی قیمتیں ایل ڈی اے اور دیگر سرکاری ملازمین اور کم آمدنی والے افراد کی پہنچ میں رکھی جائیں گی، یہ اپارٹمنٹ اڑھائی سے تین سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔