لاہور پولیس کا شہر کو اسلحہ سے پاک کرنے کا فیصلہ

13 Feb, 2021 | 01:29 PM

Sughra Afzal

کوئنز روڈ (عرفان ملک) لاہور پولیس کا شہر کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے بڑا فیصلہ، شہر میں غیر قانونی اسلحہ تھانوں میں جمع کروانا ہو گا، غیر لائسنسی اسلحہ جمع کروانے کے لیے ایک موقع دیا جائے گا ۔ 

مشرف دور حکومت میں حکومت کی جانب سے غیرقانونی اسلحہ تھانوں میں جمع کروانے کے لیے مہلت دی گئی تھی، جس سے غیر قانونی اسلحہ کے استعمال پر بہت حد تک قابو پا لیا گیا تھا، لاہور پولیس کی جانب سے اب ایک بار پھر ایسی مہم چلانے کیلئے اجازت طلب کی گئی ہے۔

  پولیس کے مطابق حکومتی اجازت کے بعد شہریوں کو غیرلائسنسی اسلحہ تھانوں میں جمع کروانے کے لیے مہلت دی جائے گی اور غیر لائسنسی اسلحہ پولیس ضبط کر لے گی اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی اسلحہ جمع کروانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق شہر میں اس وقت پولیس سے زیادہ لائسنسی اسلحہ عوام کے پاس موجود ہے اور شہر میں ناجائز اسلحے کی بھی بھرمار ہے جس کو کنٹرول کرنے کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو دینے کا فیصلہ کرلیا، ڈپٹی کمشنرز ماہانہ اسلحہ لائسنس جاری کرنے سے پہلے کلیئرنس رپورٹس لینے کے پابند ہونگے۔

مزیدخبریں