(حسنین اولکھ)لاہورکونیویارک ٹائمزنے "محبتوں کا شہر" قرار دے دیا۔شہرکواعزازملنےکی خوشی میں والڈسٹی آف لاہوراتھارٹی کی جانب سے مسجد وزیرخان چوک میں "سٹی ٹو لو" تقریب کا اہتمام کیا گیا۔رنگا رنگ پرفارمنس سے شہری محظوظ ہوتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق یوں تو لاہور کی محبتوں کے چرچے ساری دنیا میں ہیں اور یہ کہتے بھی سنا جاتا ہے کہ لہور لہور اے، لیکن نیویارک ٹائمز کی جانب سے دنیا بھر سے محبت کے 52 شہروں کی فہرست جاری کی گئی جس میں زندہ دلان کے شہر لاہور کو بھی شامل کیا گیا، خوشی کے لمحے کو لاہوریوں کے نام کرنے کے لیے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے رنگارنگ تقریب سجائی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی کامران لاشاری خوشی کے موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے نظر آئے تو دوسری جانب شاندار پرفارمنسز اور ننھے لاہوریوں کے بھنگڑوں نے حاضرین کے دل موہ لیے،بلاشبہ لاہور کی خوبصورتی مسحور کن اور دلوں کو لبھاتی ہے جبکہ تاریخی قدیم عمارتیں اور ورثہ اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔
واضح رہے لاہور دنیا کا پندرہواں بڑا شہر ہے، اس میں 460 تاریخی عمارتیں ہیں اور اس شہر میں ایک محلہ مولیاں ہے جہاں کہا جاتا ہے کہ یہاں کبھی مہاتما بدھ آ کر ٹھہرے تھے۔لاہور شہر برصغیر کے قدیم ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور یہ ہمیشہ سے اہم تجارتی گزر گاہ اور ثقافت کا مرکز رہا ہے جس کا ماضی بہت رنگین جبکہ یہاں کی تعمیرات پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں منفرد ہیں۔
مغلیہ دورِ حکومت کے دوران دشمن کے حملوں سے بچاﺅ کے لیے فصیل یا دیوار تعمیر کی گئی تھی جس میں بارہ دروازے بنائے گئے تھے جن میں سے کچھ تو وقت کی رفتار کا ساتھ نہ دے پانے کے باعث منہدم ہوگئے تاہم بیشتر ابھی بھی موجود ہیں اور اس شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگا رہے ہیں۔