(سٹی 42) لاہور سمیت ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔
لاہور سمیت پاکستان بھر میں کل رات 10 بج کر 2 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لو گ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاکستان میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر سکیل پر شدت 6.4 تھی، زلزلے کا مرکز تاجکستان تھا جبکہ زلزلہ کی گہرائی 80 کلو میٹر تھی، چیف میٹرولوجیکل اجمل ارشاد کا کہنا ہے کہ زلزلے کے آفٹر شاکس کے امکانات بھی ہیں۔
ماہرین ارضیات کے مطابق زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات ہیں,ایک وجہ زیر زمین پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہوتا ہے جبکہ دوسری وجہ آتش فشاں کا پھٹنا ہے، جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 21 اپریل، 9 مئی، 8 اگست، 24 ستمبر اور 20 دسمبر کو لاہور میں زلزلہ آیا تھا ، رواں سال 11 جنوری کو لاہور زلزلے سے لرزہ تھا۔