لاہور میں 100 انصاف سکول بنانے کا معاملہ حل

13 Feb, 2020 | 01:14 PM

Sughra Afzal

(جنید ریاض) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور  نے کرایے کی 100بلڈنگز میں انصاف سکول پروگرام شروع کرنے کیلئے 20 کروڑ   91 لاکھ روپے جاری کردیئے، رقم شہر  کی 5 تحصیلوں کے ڈپٹی ڈی اوز کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی، مذکورہ سکولوں کا آغاز نئے تعلیمی سال سے کیا جانا ہے۔

لاہور میں کرائے کی عمارتوں میں 100 انصاف سکول بنانے کا معاملہ حل ہوگیا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے کرائے کی عمارتوں کیلئے 20 کروڑ 91 لاکھ روپے جاری کردیئے، ایجوکیشن اتھارٹی کیجانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق مذکورہ رقم 5 تحصیلوں کے ڈپٹی ڈی اوز کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی ہے، ایجوکیشن اتھارٹی نے کرائے کی عمارتیں لینے کیلئے فنڈ جاری کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل سٹی کو 9 کروڑ روپے، تحصیل کینٹ کو اڑھائی کروڑ، رائیونڈ کو 2 کروڑ، تحصیل ماڈل ٹاؤن 3 کروڑ اور شالیمار کو ساڑھے 3 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، کرایہ کی بلڈنگ لینے سے قبل ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران عمارت کا معائنہ کریں گے، کرایہ کی بلڈنگ لینے سے قبل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے مذکورہ بلڈنگ کا فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا، انصاف سکولوں کیلئے نئی بھرتی نہیں بلکہ پہلے سے دستیاب اساتذہ کو تعینات کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں 100 انصاف سکول نئے تعلیمی سال سے قبل بنائے جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں