گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کیلئے محکمہ سوشل سکیورٹی کا اہم فیصلہ

13 Feb, 2020 | 01:05 PM

وقار نیازی

(سعود بٹ)  گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کیلئے محکمہ سوشل سکیورٹی کا اہم فیصلہ، ملازمین کی رجسٹریشن کیلئے پنجاب کے پانچ بڑے محکموں کی مدد لینے کی تجاویز تیارکرلی گئیں۔
گھروں میں کام کرنیوالے ڈرائیور،مالی، سویپر اور کھانا پکانے والوں سمیت دیگر گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کیلئے محکمہ کوآپریٹو، محکمہ سوشل ویلفیئر، ہوم ڈیپارٹمنٹ، اربن یونٹ اور ڈپٹی کمشنرز کی مدد لی جائے گی۔شہر کی 106 کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی اے جی ایم میں گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کا ایجنڈا لازمی ہوگا۔ڈپٹی کمشنر کے تحت کام کرنیوالی ڈویژنل ویجیلنس کمیٹیاں گھریلوملازمین کی رجسٹریشن میں مدد فراہم کرے گی۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ کی مدد سے ڈیفنس سوسائٹیز اور گھروں میں کام کرنیوالے سکیورٹی گارڈز کا ڈیٹا بھی مرتب کی جائے گا جبکہ پولیس کی مدد سے تھانہ کی حدود میں کرایہ داروں کے ریکارڈ کےراستے گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کی جائے گی۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے این جی اوز اور بیت المال کونسل کی مدد سے رجسٹریشن ممکن بنائی جا سکے گی۔

شہر سمیت صوبہ بھر میں گھروں کی درست تعداد حاصل کرنے کیلئے اربن یونٹ سے گوگل تصاویر حاصل کرنے کی تجاویز بھی تیار کی گئیں۔ذرائع کےمطابق محکمہ سوشل سکیورٹی تمام تجاویز سیکرٹری لیبر کو پیش کرے گا جس کے بعد عملی کام شروع ہو جائے گا۔ رجسٹرڈ ملازمین کو باقاعدہ صحت سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مزیدخبریں