سٹی 42: پنجاب سروس ٹربیونل نے اے ایس آئی عبدالمنعم کی سروس اپیل منظور کر لی، اے ایس آئی عبدالمنعم کی 2 سال سروس ضبطگی کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
ممبر سروس ٹربیونل میاں ابرار احمد نے اے ایس آئی کی سروس اپیل پر سماعت کی ،درخواستگزار اے ایس آئی کی طرف سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے ،درخواستگزار پر او آئی سی برانچ میں ایک کانسٹیبل کے تبادلہ رپٹ درج نہ کرنے کا الزام لگایا گیا۔
وکیل میاں دائود کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل کی تبادلہ رپٹ درج کرنے کے حکم سے تین ماہ پہلے درخواستگزار اے ایس آئی کا تبادلہ ہو چکا تھا، محکمہ پولیس نے غیرمنصفانہ انکوائری کرکے درخواستگزار کی 2 سال سروس ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پنجاب سروس ٹربیونل محکمہ پولیس کا 2 سال سروس ضبطگی کا حکم کالعدم قرار دے۔ٹربیونل نے فیصلہ سناتے ہوئے اے ایس آئی کی سروس ضبطگی کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔