ایس ایس پی مفخر عدیل لاپتہ، آخری لوکیشن ٹریس

13 Feb, 2020 | 10:48 AM

Sughra Afzal

 (علی ساہی، وقاص احمد)جرائم پیشہ افراد نے لاہور میں اودھم مچا رکھا ہے، چوری، ڈکیتی ، قتل ، اغوا کی وراداتیں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں، خواتین ،بزرگ ،بچے،پولیس اہلکاراور فنکار بھی جرائم پیشہ افراد کا نشانہ بن رہے ہیں، ایسا لگتا ہےکہ پولیس جرائم پیشہ افراد کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

نواب ٹاؤن کے علاقہ میں رہائش پذیر ایس ایس پی  مفخر عدیل پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئے،اطلاع ملنے پرڈی آئی جی آپریشنز لاہور نواب ٹاؤن پولیس انکے گھر پہنچ گئی ،جبکہ اہل خانہ نے بھی ان کی گمشدگی کی درخواست تھانہ میں جمع کروا دی ہے، ایڈووکیٹ شہباز تتلہ 7 فروری کی شام 7 بجے لاپتہ ہوئے اس کا مقدمہ ان کے بھائی سجاد تتلہ کی مدعیت میں تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا، انویسٹی گیشن پولیس ذرائع کے مطابق شہبازتتلہ اور ایس ایس پی مفخرعدیل دونوں انویسٹی گیشن پولیس کے سامنے پیش ہوئے تھے، جس میں تمام تفصیلات کے بارے آگاہ کر دیا گیا تھا، جس پر پولیس نے کام شروع کردیا ہے، اس کے بعد اچانک خبر آئی کہ ایس ایس پی مفخر عدیل جو ایڈووکیٹ شہباز تتلہ کے قریبی دوست اور آبائی علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں وہ خود بھی غائب ہیں۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو ان کی فیملی کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے اور درخواست کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  ایس ایس پی مفخر عدیل کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ مفخر عدیل پرسوں رات کھانا کھا کر گھر سے اپنی گاڑی پر نکلے تھے ، لیکن رات گئے وہ واپس نہیں آئے بعدازاں ان کا موبائل فون بندہوگیا۔ 

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ شہباز تتلہ کی آخری لوکیشن ایس ایس پی مفخرعدیل کے ساتھ تھی، جس کے بعد وہ لاپتہ ہوئے، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے لیکن انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا بغورجائزہ لیا جارہا ہے اور جدید آلات کی مدد سے جلد اصل حقائق واضح ہوجائیں گے، 7 فروری کو مفخر عدیل کے دوست ایڈووکیٹ شہباز تتلہ کے لاپتہ ہونے کے بعد آخری لوکیشن دونوں کی اکٹھی آئی ہے۔

سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز احمد تتلہ کے اغوا اور ایس ایس پی مفخر عدیل کے لاپتہ ہونے پرپولیس نے فیصل ٹاؤن میں گھر کی تلاشی لی، ذرائع کے مطابق ایس ایس پی اور شہباز تتلہ چند روز قبل اسی گھر آئے، محلے داروں کا کہنا تھا کہ چند روز سے غیر معمولی حرکات دیکھنے میں آرہی تھیں۔

مزیدخبریں