(علی رامے) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کو ترقی کی نوید سنا دی، ٹائم سکیل پروموشن میں ملازمین کیلئے رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سرکاری ملازمین کا ٹائم سکیل پروموشن کے حوالے سے دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کو ترقیاں دی جائیں۔ جس پر محکمہ ریگولیشن نے باقاعدہ سمری محکمہ خزانہ کے مثبت جواب پر ایوان وزیر اعلیٰ کو ارسال کردی۔ جس پر وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
سمری کے مطابق جن محکموں میں پروموشن چینلز کا قانون موجود ہے، ان میں ترقیوں سے محروم افراد کی ٹائم سکیل پروموشن کی جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی گریڈ کا ملازم ہو اس کی ٹائم سکیل پرموشن جلد از جلد کی جائے گی۔
دوسری جانب گریڈ 16 میں دس سال سے تعینات ملازمین کو بھی اب مشروط ترقی دیکر گزیٹڈ آفیسر کا درجہ دیا جائے گا۔