قذافی بٹ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتوں کے حکم ، عوام و سیاسی جماعتوں کے بار بار تقاضے کے باوجود حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پیش نہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ حکومت عوام سے کچھ چھپارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منصورہ سے جاری اپنے بیان میں سینٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ رپورٹ سامنے نہ لانے کا مطلب یہی ہے کہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر ختم نبوت کی آئینی دفعات اور حلف کو بدلنے کی جسارت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئین سے اسلامی دفعات نکال کر صہیونی لابی کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ملک کا اسلامی تشخص ختم کرنے اور حضرت محمد ﷺ کی ختم نبوت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ اتنا حساس ہے کہ اگر حکمرانوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی اور مجرموں کو بچانے اور ان کی سرپرستی میں لگے رہے تو ان کو چھپنے کے لیے کوئی ٹھکانہ نہیں ملے گا۔ انکا کہنا تھا کہ حکمران اپنے ہاتھوں ذلت و رسوائی کی قبر کھود رہے ہیں۔