(علی اکبر) مسلم لیگ( ق )میں سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری ممتاز علی نے (ق) لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی سے ڈسکہ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چودھری ممتاز علی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وہ سیاست کو عبادت اور عوامی خدمت سمجھ کر کرتے ہیں۔ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر وہ اپنے ساتھیوں اور دوستوں کو کبھی نہیں چھوڑتے۔
چودھری ممتاز علی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی محبت کے ایسے رشتے میں باندھ لیتے ہیں کہ رہنما ہوں یا کارکن سب ان کی دل سے عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر حکم کو پورا کریں گے۔ آئندہ الیکشن میں ڈسکہ سے سائیکل ہی جیتے گا۔