جمال الدین جمالی : پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک وقار احمد خان کا مزید تین دن کا جسمانی ریمانڈ منظور ہوگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سوسائٹی کےمالک نے تمام جائیداد نیب کو دینے کی پیشکش کی ہے۔
نیب لاہور نے وقار احمد خان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا۔ احتساب عدالت کے جج ندیم گلزار نے کیس پر سماعت کی،نیب نے ملزم وقار احمد خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،ملزم نے اپنی جائیداد نیب کے سپرد کرنے کیلیے مہلت طلب کی ۔
ملزم وقار احمد خان نے کہا میں اپنی جائیداد نیب کے حوالے کرنے کو تیار ہوں۔
نیب کا موقف ہے کہ وقار احمد خان اور عمار احمد خان نے شہریوں سے اربوں روپے کا فراڈ کیا ،شہریوں کو فائلز فروخت کیں، پھر نہ ان کو پلاٹس دیئے اور نہ ان کی رقم واپس کی۔ فیروزپور روڈ پر واقع اس ہاؤسنگ سوسائٹی کے سینکڑوں متاثرین ہیں۔