بجلی کی کٹوتی سے بچنے کیلئے صوبوں سے 150 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ

13 Dec, 2024 | 12:34 PM

ویب ڈیسک: حکومت نے بجلی کی کٹوتی سے بچنے کیلئے صوبوں سے 150 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
وفاقی حکومت نے چاروں صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ بجلی کی کٹوتی اور قومی معیشت کو ہونے والے مالی نقصان سے بچنے کے لیے واجب الادا 150 ارب روپے کے بجلی کے بل ادا کریں، رپورٹ کے مطابق وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے اپنے الگ الگ خطوط میں چاروں وزرائے اعلیٰ سے ان کے محکموں کے واجبات کی ادائیگی میں مدد کے لیے ذاتی مداخلت کی درخواست کی ہے،انہوں نے متنبہ کیا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے پاس دستیاب محدود مالی وسائل کے ساتھ بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھنا بہت مشکل ہوگا، واجبات ادا نہ ہونے سے وفاقی حکومت کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے نتیجے میں گردشی قرضے بڑھتے ہیں جو ہماری معیشت کو تباہ کر رہے ہیں۔ 

 ان خطوط کے مطابق رواں سال ستمبر تک 59.68 ارب روپے کی ادائیگیوں کے ساتھ سندھ سرفہرست ہے، اس کے بعد بلوچستان کی طرف 39.6 ارب روپے اور پنجاب کے 38.01 ارب روپے واجب الادا ہیں، خیبرپختونخوا پر بجلی کی ادائیگی کی مد میں سب سے کم 8.88 ارب روپے واجب الاد ہیں۔

 اویس لغاری نے وزرائے اعلیٰ کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے پاور یوٹیلیٹی کمپنیوں کو موثر خدمات کی فراہمی کی طرف واپس لانے کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات شروع کیے ہیں،انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے روڈ میپ کا ایک اہم شعبہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مالی صحت کو مستحکم کرنے سے متعلق ہے، لیکن اس کا انحصار زیادہ مالی وسائل پیدا کرنے اور انسداد چوری اور بقایا واجبات کی وصولی پر مرکوز ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ چکے ہیں۔

مزیدخبریں