علی ساہی: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کی سرکوبی پر 05 ریجنز کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کیلئے 38 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملتان ریجن کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے لئے 10 لاکھ، فیصل آباد ریجن کیلئے 17 لاکھ، لاہور ریجن کے اہلکاروں کے لئے ساڑھے 7 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے، ساہیوال اور راولپنڈی کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کیلئے 2 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پانچوں ریجنز میں بہترین کارکردگی کے حامل سی ٹی ڈی کارپورلز اور افسران کو ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں، سی ٹی ڈی افسران و اہلکاروں نے مختلف ہائی پروفائل آپریشنز کامیابی سے سر انجام دیتے ہوئے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔