اویس کیانی: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم دہشتگردی کے عفریت کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، پاک افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دیں گی۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال کا دورہ کیا اور گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔
زخمی سیکیورٹی اہلکاروں اور پاک فوج کے جوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ ایسی قوم کی جیت یقینی ہے جس کے ایسے بہادر افسران و فوجی جوان ہوں جو اپنی وطن کی حفاظت کیلئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کریں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشتگردی کے عفریت کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور اللہ رب العزت کی مدد اور عوام کی طاقت سے اس کو ہر شکل و روپ میں شکستِ فاش دے گی۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی ایک بہادر و مضبوط قوم ہیں اور ہماری افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دیں گی۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیرِاعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حیسن شاہ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔