ویب ڈیسک: انگلینڈ میں واقع ایک ایسا گاؤں جہاں ایک عجیب اور پراسرار آواز لوگوں کو سنائی دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ گاؤں انگلینڈ میں ویسٹ یارکشائر کے قریب ہیلی فیکس کے علاقے ہوم فیلڈ میں موجود ہے۔اس گاؤں میں ایک عجیب اور پراسرار آواز لوگوں کو سنائی دیتی ہے،اس حوالے سے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شہد کی مکھی کی بھنبھناہٹ جیسی یہ آواز ہوتی تو دھیمی ہے لیکن مسلسل اس آواز سے بعض اوقات بڑی پریشانی ہوتی ہے۔
ہیلی فیکس کے شہری اس عجیب و پراسرار آواز سے بے حد پریشان ہیں،ان کا کہنا ہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ پرسرار آوازیں کہاں سے اور کیوں آتی ہیں، لوگوں کے مطابق یہ آواز بہت تیز نہیں ہوتی لیکن اس سے ان کی نیند اور موڈ ضرور خراب ہوجاتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ یہ آواز تمام مقامی لوگ تو نہیں سن سکے ہیں لیکن جنہوں نے اسے سننے کا دعویٰ کیا ہے ان کے مطابق اس سے ان کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔مقامی حکام نے اس حوالے سے تحقیقات کیں اور اس مقصد کے لیے ایک آزاد کنسلٹنٹ کا تقرر بھی کیا لیکن یہ پراسراریت ختم نہیں ہوئی اور کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
واضح رہے کہ انگلش دیہات میں سنی جانے والی اس آواز سے متعلق شہ سرخیاں گزشتہ سالوں کے دوران اخبارات میں لگ چکی ہیں لیکن اب تک یہ پتہ نہیں چلا کہ یہ آواز کہاں سے آتی ہے۔