2022 میں کون کونسی شخصیات دنیا چھوڑ گئیں؟

13 Dec, 2022 | 04:02 PM

(ویب ڈیسک )سال 2022 تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، اس سال مختلف شعبوں میں قومی سطح پر معروف کئی شخصیات ہم سے جدا ہوئیں۔

 دنیا سے جانے والی ان شخصیات میں مذہب، سیاست، صحافت، کاروبار، کھیل اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

 عامر لیاقت حسین

 جون 2022 میں سابق رکن قومی اسمبلی، سابق ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین دنیا سے کوچ کر گئے۔ میڈیا، سوشل میڈیا اور سیاست و مذہب میں ہمیشہ تنازعات کا سبب بننے والے عامر لیاقت حسین کی موت بھی ایک متنازع صورتحال میں واقع ہوئی، ان کی موت کے حوالے سے حقائق تا حال محتاج تحقیق ہیں۔

 

تنویر جمال

 13جولائی 2022 کو پاکستانی ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے معروف و مقبول ڈرامے ’جانگلوس‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سینئر اداکار تنویر جمال موذی مرض کینسر سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔

  

 نیّرہ نور

 21اگست 2022 کوبلبلِ پاکستان اور معروف گلوکارہ نیّرہ نور چل بسیں، ان کی موت کے ساتھ  گائیکی کی دنیا کا ایک سنہری اور سریلا عہد تمام ہوا۔

 اسماعیل تارا

 25نومبر 2022 کو معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔ اسماعیل تارا نے 1964 میں اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کئی کامیاب اور مقبول فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بطور خاص اسی کی دہائی میں طنز و مزاح سے بھرپور مشہور ڈرامے ففٹی ففٹی میں ان کی لازوال اداکاری نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

 طارق ٹیڈی

 19نومبر2022 کو جگر کے عارضہ میں مبتلا معروف کامیڈین اور تھیٹر کے اداکار طارق ٹیڈی انتقال کرگئے۔

 ٹونی نوید راشد

 23نومبر 2022 کو ٹی وی میزبان ٹونی نوید راشد انتقال کرگئے ٹونی دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔

 افضال احمد

 2دسمبر2022 کو معروف اداکار افضال احمد لاہور کے جنرل اسپتال میں انتقال کرگئے۔ انتظامیہ جنرل اسپتال کے مطابق افضال احمد کو برین ہیمریج کےباعث یکم دسمبر کو اسپتال لایا گیا تھا۔

   وکرم گوکھلے

 26 نومبر کو فلم، ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے نامور اداکار وکرم گوکھلے طویل علالت کے بعد 77 برس کی عمر میں انتقال کرگئے جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کردی۔

 خاورکیانی

 پاکستان کی نامور گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی کی والدہ خاور کیانی  اکتوبر کے دوران انتقال کر گئیں۔ مرحومہ نے بیٹی کی آواز میں مشہور ہونے والے گانے ’بوہے باریاں‘ کے بول لکھے تھے۔انتقال کی خبر 15اکتوبرکو سامنے آئی۔

 اسد رؤف

 آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤوف ستمبر کے دوران حرکتِ قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کر گئے۔

 خواجہ مسعود

 بے شمار دلوں پر راج کرنے والے معروف کامیڈین اور اداکار خواجہ مسعود گردوں کے عارضے کے باعث 20 جون کو انتقال کرگئے۔

 بلقیس ایدھی

 معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی 15 اپریل کو 74 برس کی عمر میں‌ دار فانی سے کوچ کرگئیں۔

 مسعود اختر

 پاکستان کے نامور اداکار مسعود اختر 5 مارچ کو کینسرجیسے موذی مرض سے لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے۔

 رشید ناز

 شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار رشید ناز17 جنوری کو 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

مزیدخبریں