ویب ڈیسک: پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے سستا ہونے کے بعد 224 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب سٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے، کاروباری روزکے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس میں 202 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 745 پوائنٹس پر پہنچ چکا ہے۔ ادھر حکومت نے نوجوان کاروباری افراد کے لیے وزیراعظم کی بلاسود اور رعایتی قرضہ اسکیم کے دوبارہ اجراء کا اعلان کر دیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اس اسکیم کے تحت تین مختلف سلیب کے تحت 75 لاکھ روپے تک کے قرضے رعایتی شرح سود (صفر تا 7فیصد تک) پر زیادہ سے زیادہ 9 سال کی مدت کے لیے دیئے جائیں گے۔ پروسیسنگ کی مدت 45 یوم سے تجاوز نہیں کرے گی۔ ایک چوتھائی قرضے خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت نے اس اسکیم کو ’’پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم‘‘ کا نیا نام دیا ہے، جبکہ سابقہ دور حکومت میں اس اسکیم کا نام’’پرائم منسٹرز کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم‘‘ رکھا گیا تھا۔ اس اسکیم کو یکم جولائی 2022ء کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان کے وہ تمام شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں، جو قومی شناختی کارڈ رکھتے ہیں اور جن کی عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہے۔ آئی ٹی اور ای کامرس سے متعلق کاروبار کے لیے عمر کی کم سے کم حد 18 برس ہوگی جبکہ کم سے کم مطلوبہ تعلیمی قابلیت میٹرک یا اس کے مساوی مقرر کی گئی ہے۔