اسرائیلی وزیراعظم اور ابو ظہبی کے ولی عہد کی ملاقات، کیا ہونے جارہا ہے؟

13 Dec, 2021 | 08:57 PM

ویب ڈیسک: اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینٹ کے متحدہ عرب امارات پہنچنے پر ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے ان کا خیر مقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو اسرائیلی وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات آمد کے موقع پر شہزادہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے امید کا اظہار کیا کہ اس دورے سے دونوں ممالک اور خطے کے لوگوں کے مفاد کے لیے تعاون مزید بڑھے گا۔
عرب نیوز نے امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری، معیشت، تجارت اور ڈویلپمنٹ کے شعبوں بالخصوص زراعت، غذائی سکیورٹی، قابل تجدید توانائی، جدید ٹیکنالوجی، صحت اور دیگر اہم سیکٹرز میں تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کیا۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ’ ابراہم ایکارڈز‘ کے فریم ورک کے تحت مخلتف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا ہے، جس پر مخلتف ممالک نے گزشتہ سال دستخط کیے تھے۔ 
اسرائیل اور عرب امارات کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دبئی ایکسپو 2020 کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی، بالخصوص مشرق وسطیٰ کے ممالک ایسے مواقعوں سے مستفید ہو سکتے ہیں اور ایکسپو میں شامل ممالک کی جانب سے پائیدار حل اور ایجادات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں