(سٹی 42) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نادان دوست کورونا پر سیاست کر رہے ہیں، ایک طرف انسانی جانیں کورونا کا شکار بن رہی ہیں، دوسری طرف ذاتی مفادات اور لوٹی ہوئی دولت بچانے کی فکر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میو ہسپتال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روایتی مسترد شدہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ روزگار کی تلاش میں ہے، کورونا کے خلاف مورچہ زن ہونے کی بجائے، یہ لوگ حکومت کے خلاف مورچہ زن ہیں، نادان سیاستدانوں نے مینار پاکستان کے سائے کو شرانگیری اور پاکستان کو عدم استحکام کرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے، شاہی خاندان کو عوام کی مشکلات کا کیا احساس۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کبھی یرغمالیوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہوگا، پی ڈی ایم مینار پاکستان میں سیاسی گندگی پھیلانے جارہی ہے، پورے پنجاب میں کہیں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی کہیں پکڑ دھکڑ نہیں کی گئی ہے، کہیں کوئی کنٹینر کھڑا نہیں کیا گیا ہے، پی ڈی ایم دھاندلی کے خلاف سیاسی سرکس لگانے جارہی ہے، دھاندلی کا واویلا کرکے سیاسی سرکس لگا کر عوام کو گمراہ کرنے جارہے ہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ اتنا جھوٹ بولو کہ یہ سچ لگ جائے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھلی چھٹی قانون کو ہاتھ میں لینے کے لئے نہیں دی گئی ہے، تمام روٹس کو مانیٹر کیا جارہا ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، حکومت کو گھر بھیجنے کا طریقہ بھی آئینی ہے جو حکومت کو گھر بھیجنے کا خواہشمند ہے، وہ بسم اللہ کرے اور پارلیمنٹ میں عدم اعتماد لائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا 11جماعتوں کا جتھہ کورونا وباء میں اضافہ چاہتا ہے ،غیر فطری اتحاد منی لانڈرنگ کی دولت بچانے کے لیے گھٹیا حرکتوں پر اتر آیا ہے، اپوزیشن عناصر عقل کے اندھے ہیں،انہیں کورونا کی تشویشناک صورتحال کا ادراک نہیں، راج کماری، شہزادہ، مولانا اور ان کے حواریوں کی منفی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے۔