پی ڈی ایم جلسے کی مانیٹرنگ کیلئے سرکاری انتظامات بھی مکمل

13 Dec, 2020 | 01:37 PM

Sughra Afzal
Read more!

لوئر مال (رائو دلشاد) جلسہ گاہ میں کون کس دروازے سے داخل ہوگا؟ لاہور   ضلعی انتظامیہ نے داخلی و خارجی پوائنٹس کا تعین کردیا، جلسے کی مکمل مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم کو بھی فعال کردیا، سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال ہوں گے اور ڈرون کیمرے بھی استعمال ہونگے۔ 

اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج مینار پاکستان پر ہورہا ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ جلسہ گاہ کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کی تصاویر والے فلیکسز آویزاں کئے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں قائدین کیلئے80 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ، جلسے سے مریم نواز،بلاول بھٹو اورمولانا فضل الرحمان سمیت دیگراپوزیشن رہنما خطاب کریں گے

 دوسری جانب لاہور ضلعی انتظامیہ نے بھی جلسے کی مانیٹرنگ کے انتظامات مکمل کرلیے، پہلی بارسیاسی جلسے کی سرکاری سطح پرکیمروں سے ماینٹرنگ ہوگی،  ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا جس میں   الائیڈمحکموں کے افسران کوتعینات کردیاگیا، رینجرزکی 2کمپنیوں کوبھی بلالیا گیا،  ایمرجنسی کی صورت میں رینجرزکےجوان چارج سنبھالیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک سے ریلیاں اور عام عوام داخل ہوسکیں گے، گیٹ نمبر 2 اور 3 وی وی آئی پیز کیلئے مختص کر دیا گیا، گیٹ نمبر 4 اور5 خواتین کی انٹری کیلئے استعمال ہو سکے گا، گریٹر اقبال پارک میں 600 میٹر ریڈیس کو فوکس کرنے کیلئے150 کیمرے نصب کر دیئے گئے، جلسہ کی سکیورٹی کے 4 ہزار سرکاری اہلکار اور بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔

 جلسے کی براہ راست مانیٹرنگ کیلئے فائبر آپٹک وائر بچھائی جارہی ہے، جلسے کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون کیمرے بھی استعمال ہونگے، مرکزی سٹیج اور پنڈال کے اطراف میں 44 کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پارکنگ اور گیٹس پر 56 کیمرے لگا دیئے گئے ہیں، مینار پاکستان کے اطراف 50 کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر جلسہ کی مکمل مانیٹرنگ کریں گے، داخلی و خارجی راستوں میں 20 واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔

مزیدخبریں