بلاول ہاؤس(سعدیہ خان) پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کیلئےپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے استقبالی جلوس کا روٹ فائنل کر لیا گیا۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو زردار ی آج 12 بجے دوپہر بلاول ہاؤس لاہور سے روانہ ہونگے، جہاں سے جمیل منج ان کااستقبال کریں گے۔بذریعہ رنگ روڈوہ گجومتہ پہنچیں گے، جہاں ثمینہ گھرکی ان کااستقبال کریں گی۔ یوحنا آباد عمران اٹھوال اان کااستقبال کریں گے۔پاک عرب سوسائٹی پر شیخ مقبول، اسماعیل نگر پر عاصم بھٹی،گلاب دیوی ہسپتال کے قریب پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری اسلم گل،لبرٹی چوک پر حاجی عزیز الرحمن چن ان کااستقبال کرینگے۔ ظفر علی روڈ پر ایاز صادق کے گھر مریم نواز انہیں ظہرانہ دیں گی جس کے بعد وہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے، اس سلسلے میں پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا تھا جو مسلم لیگ نون کا مضبوط سیاسی گڑھ ہے، دوسرا جلسہ کراچی، تیسرا کوئٹہ اور چوتھا جلسہ ملتان میں ہوا، پی ڈی ایم پانچواں جلسہ آج لاہور کے مینار پاکستان گراؤن میں کرے گی، پی ڈی ایم نے مینار پاکستان گراؤنڈکا کنٹرول سنبھال لیا، خواتین کا الگ انکلوژر بھی تیار کرلیا گیا، جلسے کی انتظامیہ نے مینار پاکستان کے چبوترے پر لکڑی کے تختوں کا سٹیج بنانے کی کوشش کی، تاہم کنٹینرز کا ہی سٹیج بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جے یو آئی کے کارکن سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے، جلسے کی کارروائی شرکاء تک پہنچانے کے لئے مرکزی سٹیج کے عقب میں بڑی جبکہ پنڈال کے اندر50 سے زائد سکرینیں لگائی جائیں گی۔