ماہرہ خان اور مہوش حیات کا پی آئی سی واقعے پر افسوس کا اظہار

13 Dec, 2019 | 03:38 PM

Shazia Bashir

(زین مدنی ) اداکارہ ماہرہ خان اور مہوش حیات نے گزشتہ روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر ہونے والے وکلا کے حملے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 گزشتہ روز لاہور میں وکلا نے ڈاکٹرز کے ساتھ تنازع پر امراض قلب کے ہسپتال پی آئی سی پر دھاوا بول دیا تھا جس کے باعث چار مریض طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہارگئے تھے اداکارہ ماہرہ خان نے واقعے پر شدید الفاظ میں مذمت کرنے کے ساتھ ملک میں پھیلنے والے انتشار پر خوف کا اظہار کیا ہے۔

 ماہرہ نے واقعے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ میں بھی اسپتالوں پر حملہ نہیں کیا جاتا۔ کیا یہ لوگ قانون سازی کرنے والے ہیں، یہ لوگ انصاف مہیا کرنے والے ہیں۔ کیا یہ ہمارے ملک کے تعلیم یافتہ لوگ ہیں۔ یہ سب دیکھ کر نہایت خوف محسوس ہورہا ہے۔ جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہوش حیات نے پی آئی سی پر ہونے والے حملے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب سن اور دیکھ کر سوچ رہی ہوں کہ ہمارے ملک میں ہو کیا رہا ہے؟

مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اس حملے کے بعد ہم بطور قوم کیا امید رکھیں کہ ہر شخص اپنے مسئلے کے حل کے لیے ہجوم جمع کرے اور تشدد کا راستہ اختیار کرے گا؟ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ان وکلا کی ملازمت قانون کی رکھوالی اور اسے بہتر انداز سے جاننا ہوتا ہے۔ مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ لائیرز اور پی آئی سی انڈر اٹیک بھی لکھا۔

مزیدخبریں