سٹی42: یومِ آزادی کی شب لاہور میں جشن کی تیاریاں اور بازاروں میں رونقیں عروج پر پہنچ گئیں۔
جشن آزادی میں چند گھنٹے باقی رہ گئے تو بچے اپنے والدیں اور بڑوں کے ساتھ خریداری کے لئے بازاروں میں امنڈ پڑے۔ بازاروں میں رش اور گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی۔
اردو بازار میں سجاوٹی و آرائشی سامان کے سٹالز پر شہریوں کا بے پناہ رش ہے۔ بچے، بڑے، نوجوان اور خواتین جشن آزادی میں بھرپور شرکت کے لئے سبز رنگ اور سفید رنگ کے ملبوسات،جھنڈیوں، پرچم اور دیگر لوازمات کی خریداری میں مصروف ہیں ۔
زندہ دلان لاہور 77 واں یوم آزادی منانے کے لیے پرجوش ہیں ۔ شہر میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔ اردو بازار سمیت شہر کے مختلف مقامات پر تل دھرنے کی جگہ نہیں۔
لاہور کی تمام آبادیوں میں سڑکوں پر جگہ جگہ لگے سجاوٹی و آرائشی سامان کے سٹالز پر شہریوں کا رش ہے ۔ کسی کو سبز و سفید رنگ کے ملبوسات درکار تو کسی کو بینڈز اور بیچز کی تلاش ہے۔ بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے۔
بچیاں والدین سے فرمائش کرتے ہوئے چوڑیاں، کلپس، مالائیں، ٹاپس اور دوپٹوں سمیت میچنگ کی ماتھا پٹییاں خریدنے میں مگن ہیں ۔ شہری چہروں پر فیس پینٹگ بنوا رہے ہیں۔