سٹی42:میں پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری نے کہا یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔ ہم پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں ۔
موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔ ہمیں قانون کی حکمرانی ، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ہمیں قائد ِ اعظم کے فرمان ’’اگر ہم اس عظیم مملکت ِپاکستان کو خوش وخرم اور خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی تمام تر توجہ لوگوں بالخصوص عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے" سے تحریک حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہی وقت ہے کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے اپنے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کریں، خدمات کی فراہمی بہتر بنائیں اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں۔
آج ہمیں آزادی کا جشن مناتے ہوئے سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق ِخود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
آئیے ، عہد کریں کہ ہم عوام کی ترقی کیلئے کام کریں گے اور پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین!
٭٭٭