وفاقی کابینہ کا اجلاس؛ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ٹیچرز کو مستقل کرنے کی منطوری

13 Aug, 2024 | 08:11 PM

سٹی 42:  وفاقی کابینہ نے نجکاری کمیشن بورڈ میں تین خواتین  ممبران کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی، کابینہ نے یوریا کھاد بنانے والی کمپنیوں کو گیس فراہم کرنے   کا حکم  بھی دے دیا اور  یومیہ بنیادوں پر  کام کرنے والے وفاقی حکومت کے  ٹیچرز  کو مستقل کرنے کا فیصلہ  بھی کر لیا۔

  وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اپنے اجلاس میں نجکاری ڈویژن کی سفارش پر نجکاری کمیشن بورڈ کے ممبران کی تعداد کو 8 سے بڑھا کر 11 کرنے کی منظوری دے دی. وزیرِ اعظم نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ملک کے اہم بورڈز میں خواتین کی نمائندگی  بڑھانے کی ہدایت دی تھی. وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت نج کاری بورڈ کے تین نئے ارکان کی نشستوں پر  خواتین کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

   وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 اگست 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلے پر ہدایت کی کہ یوریا کی در آمد کی بجائے ستمبر 2024 کے بعد بھی پاکستان میں یوریا کھاد بنانے والی کار خانوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے.

 کابینہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ یوریا کھاد کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے ہر قسم کے اقدامات یقینی بنائے جائیں. زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتی ہے. کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کو کم کرنے کیلئے زرعی ان پٹس کے نرخوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔

    وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 اگست 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔ تاہم وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جن ایس او ایز کی نجکاری کیلئے منظوری ہو چکی ہے، ان کی کی نجکاری کا جامع پلان آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے.
    وفاقی کابینہ نے وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی سفارش پر فیڈرل ڈایریکٹریٹ آف ایجوکیشن، اسلام آباد کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کو ریگولرائز کرنے کے کے حوالے سے عدالتِ عظمی کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ان ٹیچرز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی۔ 

  وفاقی کابینہ نے وزارتِ خارجہ کی سفارش پر پاکستان اور جمہوریہ گوئٹے مالا کی وزارتِ خارجہ کے مابین سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ 

کابینہ نے وزارتِ خارجہ کی سفارش پر پاکستان اور ایکواڈور کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دے دی۔    وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے  کے5اگست2024 کو ہونے والے  اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔ 

   وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز  کے31 جولائی  2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔  

مزیدخبریں