پیداوار کی لاگت میں کمی ترقی کیلئے لازمی، پاور سیکٹر، ایف بی آر کی بحالی ترجیح

13 Aug, 2024 | 06:45 PM

سٹی42:   وزیر اعظم شہباز شریف نے  ترقی کے لیے پیداواری لاگت کو کم کرنے ، پاور سیکٹر اور ایف بی آر کی بحالی کو اپنی ترجیحات قرار دے دیا۔ 

یوم آزادی سے ایک روز پہلے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر صنعت اور زراعت کو بحال کرنا ہے تو پیداوار کی لاگت کم کرنا ہوگی ، پیداوار کی لاگت بڑھنے میں بجلی کی قیمتوں کا بہت بڑا کردار ہے۔  جب تک ہم دوسرے ممالک کی ان پُٹس کی کاسٹ کے برابر اپنی پیداواری لاگت میں کمی نہیں لائیں گے، تب تک ان ممالک کی مصنوعات کا انٹرنیشنل مارکیٹ میں مقابلہ  کرناممکن نہیں ہے۔

وزیراعظم شہباز نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کیے بغیر برآمدات کو بڑھانا دیوانے کا خواب ہوگا، اسی طرح فیڈرل بیورو آف ریوینیو  ایف بی آر کی بحالی کے بغیر نہ تو مالی گنجائش نکلے گی اور نہ قوم آگے بڑھ سکے گی۔

 وزیر اعظم  شہباز شریف نے گورننس میں بہتری لانے کےلیے ڈیجیٹائزیشن کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارتوں کے پاس اختیار ہے، اپنے آپ کو   کاغذ کے استعمال کے دور  سے آگے برھا کر پیپر لیس کریں، ملک میں کاروبار کی ترقی کے لیے متحرک ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کریز سے باہر نکل کر چھکا ماریں گے توکیپٹن کے آپ کو بھی کریڈٹ ملے گا، ہمیں 77 سال کی بیماریوں سے جان چھڑانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر  میں اصلاحات پر حکومت بھرپور انداز میں کام کررہی ہے.  وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر ہمارا دوسرا ہدف ہے، اس کی اصلاحات پر کام کرنا ہے، اس میں موجود غلطیوں کو سدھارنا ہے، جس کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حال ہی میں ایف بی آر کے افسران کو تبدیل کیا گیا ہے۔ آج پھر میں بلا خوف کہتا ہوں کہ میں ان میں سے شاید ایک کو جانتا ہوں گا۔  میری سلام دعا ایک آدھ کے علاوہ شاید کسی سے ہو، 4 راتیں میں خودبیٹھا۔۔۔ اور انہوں نے جا کر سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناع لے لیا، وزیر اعظم کی جانب سے وزیر قانون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا، میں نے اخبار میں پڑھا اور وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کو فون کالز  کیں اور دریافت کیا کہ کیا معاملہ ہے، انہیں ہم نے غیر ضروری کاموں کیلئے لگایا گیا تھا، الحمداللہ وہ حکم امتناع خارج ہوگیا، یہ ہوتی ہے مؤثر حکمت عملی۔

 وزیر اعظم کا کابینہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کے پاس مکمل اختیارات موجود ہیں، آپ پیپر ورک سے اپنے آفسز کو ڈجیٹلائزیشن کی جانب لے جائیں، اس حوالے سے ہم نے کنسلٹنس کی خدمات حاصل کی ہیں، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وقت ایک نعمت ہے، اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

کابینہ کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کو شہید کر دیئے جانے کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا، ساتھ ہی وادی تیرہ میں پاک فوج کے جوان عزیر ملک کی شہادت پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وزیراعظم شہباز نے کہا کہ یہ ہم سب کا عزم ہے کہ عزم استحکام کے لیے ہماری ہر چیز قربان ہے، مستحکم پاکستان کے لیے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے۔

 جشن آزادی کی مناسبت سے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منائیں گے۔

 کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو وزیر اعظم ہاؤس پروٹوکول کے ساتھ لایا جائے گا۔

مزیدخبریں