ویب ڈیسک : پاکستان کا قومی ترانہ پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا یہ ترانہ 11 رکنی گلوکاروں پر مشتمل گروپ نے گایا تھا۔
پاکستان 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا اور پوری قوم اس ارض پاک کا 77 واں یوم آزادی منا رہی ہے۔ پاکستان کا قومی ترانہ حفیظ جالندھری نے تحریر کیا اور اس کی دھن موسیقار احمد غلام علی چھاگلہ نے ترتیب دی جنہوں نے 1949 میں قومی ترانہ کمپوز کیا۔ اس ترانے کا ایک ایک لفظ انسان کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کر دیتا ہے۔
اس مسحور کن قومی ترانے کو پہلی بار 13 اگست 1954 کو ریڈیو پاکستان پر نشر کیا گیا۔ گانے والے 11 رکنی گروپ میں ایک نام معروف گلوکارہ نجم آرا کا بھی ہے جو عمر کی 86 بہاریں دیکھ چکی ہیں اور کراچی میں مقیم ہیں۔
نجم آرا جنہوں نے آزادی کے وہ لمحات بھی دیکھے جب ہندوستان کی گلیوں میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا تھا اور املاک کو آگ لگ رہی تھی۔ انہوں نے ہندوستان سے پاک سر زمین تک ہجرت کی صعوبتیں بھی جھیلیں۔
جب قومی ترانہ ریکارڈ کرانے کا موقع آیا تو نجم آرا نے پورے جوش وجذبے کے ساتھ سرکاری سطح پر پہلی بار قومی ترانہ ریکارڈ کروایا۔
نجم آرا کا کہنا ہے کہ ریڈیو کی صوتی لہروں سے نشر ہو کر قومی ترانہ جب سماعتوں سے ٹکرایا تو وہ وقت ہی ناقابل بیان تھا۔
نجم آرا کو کوئی سرکاری ایوارڈ تو نہ ملا لیکن ان کے قومی نغمات مثل نجم بن کر ہمیشہ جگمگاتے رہیں گے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ 1947 سے آج تک پاکستان، عشق بن کران کی رگوں میں دوڑ رہا ہے۔