سابق حکومت شرائط کی جن زنجیروں میں پاکستان کو جکڑ گئی تھی ہم نے ان سے آزاد کروایا ،شہباز شریف

13 Aug, 2023 | 11:31 PM

Read more!

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کی باگ دوڑ نگران حکومت کے حوالے کررہا ہوں،الحمد اللہ، قوم کی امانت میں کوئی خیانت نہیں کی،یقین ہے انوارالحق کاکڑ عوام کے ووٹ کی حفاظت کریں گے۔

قوم سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی مشاورت سے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم منتخب کیا ہے ، امید ہے نگران وزیراعظم شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنائیں گے.  مختصر مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،آئی ایم ایف معاہدے نے ملک کو معاشی استحکام بخشا ،حکومت کے 16ماہ کانٹوں اور انگاروں پر چلنے کا سفر تھا، سابق حکومت شرائط کی جن زنجیروں میں پاکستان کو جکڑ گئی تھی ہم نے ان سے آزاد کروایا ،ہم نے ریاست بچانے کا فیصلہ کیا ، مشکل ترین فیصلے کئے ، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو بدترین طوفان سے بچاکر پرامن ساحلوں کی طرف لے آئے ہیں،آئینی راستے سے آئے تھے اور اسی راستے سے واپس جارہے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہاکہ ملک دیوالیہ ہوجاتا تو وہ قیامت برپا ہوتی جس کا تصور بھی محال ہے،پچھلی حکومت نے جان بوجھ کر آئی ایم ایف معاہدہ توڑا، آئی ایم ایف معاہدہ روکنے کیلئے بھی مذموم سازش کی گئی،خود غرضوں کو صرف اور صرف اپنی سیاست پیاری تھی ، ہمیں مشکل اور تلخ فیصلے کرنا پڑے ، امن دشمنوں کی تمام سازشیں ایک ایک کرکے ناکام ہوگئیں۔

ان کاکہناتھا کہ ہمارے شہد اکی قربانی کو ضائع کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ، شہدا کی نشانیوں کو نقصان پہنچایا گیا ،9 مئی کا دن یہ قوم کبھی بھلا نہیں سکے گی، 9مئی کے سیاہ دن کے کالے چہرے قوم کے سامنے آگئے،قوم کو قیام وطن کے 76 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہاکہ کسان کیلئے2 ہزار ارب روپے کا پیکج دیا ہے ، سابق حکومت نے ڈیفالٹ کی صورت میں سب سے بڑی بارودی سرنگ بچھائی،ہم بیرونی اور اندرونی دشمنوں سے کامیابی سے لڑرہے ہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے شروع ہونے والے ہیں ،معدنی خزانوں سے ملک کی تقدیربدلیں گے۔

مزیدخبریں