پٹرول بحران سیکنڈل ،عدالت سے اہم خبرآگئی

13 Aug, 2022 | 12:36 PM

ملک اشرف

ملک اشرف :لاہور ہائیکورٹ نے پٹرول بحران سیکنڈل کے مقدمہ میں ملوث اوگرا افسران کی ضمانتیں منسوخی کی درخواست سماعت کے لئے مقررکردی ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد امجد رفیق ، وفاقی حکومت کی درخواست پر اٹھارہ اگست کو سماعت کریں گے۔ایف آئی اے نے وفاقی حکومت کی وساطت سے ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ نے لاہور ہائیکورٹ میں ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لئے درخواست دائر کی ،، عدالت نے اوگرا کے 2 سابق چئیرمینوں اور 6 ڈائریکٹرز کی ضمانتیں منظور کرنے کے حکم کے خلاف نوٹس جاری کررکھا ہے، عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو بھی 18 اگست کو ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے۔ہائیکورٹ نےسابق چیئرمین اوگرا سعید احمدخان اور عظمیٰ عادل ،سابق ڈائریکٹرز سلیم بٹ ، سہیل نسیم ، شہزاد انجم سمیت دیگرز کو بھی ضمانت منسوخی کی درخواست پر نوٹس جاری کررکھے ہیں۔

وفاقی حکومت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جج سینٹرل کورٹ لاہور نے پیٹرول بحران میں ملوث ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کیں، ہائیکورٹ کے جس آرڈر کو جواز بنا کر ضمانت منظور کی گئی وہ سپریم کورٹ میں چیلنج ہوچکا ہے۔ 

عدالت عظمیٰ لاہور ہائیکورٹ کے ضمانت منظوری کےآرڈر کی منسوخی پر نوٹس جاری کرچکی ہے، ہائیکورٹ نے فیصلے میں ایف آئی اے کے اوگرا معاملات میں مداخلت کو غیر قانونی قرار دیا تھا،، ایف آئی اے نے اوگرا معاملات میں مداخلت نہیں کی ۔بلکہ جعلی دستاویزات کے ذریعے بےضابطگی پر کارروائی کی ۔

سنٹرل کورٹ لاہور کی جانب سے اوگرا کے سابق افسران اور دیگرڈائریکٹرز کی عبوری ضمانتیں منظور کرنا خلاف قانون ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت جج سنٹرل کورٹ لاہور کی جانب سے سابق اوگرا افسران کی ضمانتیں منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں